Type Here to Get Search Results !

شمالی وزیرستان بویا میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خوارج کا حملہ، 4 جوان شہید، تمام حملہ آور ہلاک

شمالی وزیرستان بویا میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خوارج کے حملے میں 4 جوان شہید

 بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے تمام 4 خوارج کو ہلاک کردیا گیا، خوارج کے حملے میں بچوں اورخواتین سمیت 15 بے گناہ شہری زخمی ہوگئے: آئی ایس پی آر— فوٹو:فائل

شمالی وزیرستان:
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر خوارج کی جانب سے کیے گئے حملے میں وطن کے چار بہادر جوان جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی میں تمام چار دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فتنہ الخوارج نے 19 دسمبر کو بویا میں واقع سکیورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا۔ دہشتگردوں نے کیمپ کی بیرونی حفاظتی حصار کو توڑنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری ایک گاڑی کو کیمپ کی بیرونی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دیا، جس کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا۔ دھماکے کے باعث قریبی شہری انفرااسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ ایک مسجد بھی جزوی طور پر متاثر ہوئی۔ اس دہشتگردانہ کارروائی کے نتیجے میں قریبی گھروں کو نقصان پہنچا اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج کی اس سفاکانہ کارروائی میں بچوں اور خواتین سمیت کم از کم 15 بے گناہ شہری زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے غیر معمولی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے تمام چار دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں وطن کے چار بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہداء میں حوالدار محمد وقاص، نائیک خان ویز، سپاہی سفیان حیدر اور سپاہی رفعت شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ یہ دہشتگردانہ کارروائیاں افغانستان میں موجود خوارج عناصر کی منصوبہ بندی کا نتیجہ ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ حملہ افغان طالبان رجیم کے ان دعوؤں کی نفی کرتا ہے جن میں وہ اپنی سرزمین پر دہشتگرد گروہوں کی عدم موجودگی کا دعویٰ کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان افغان طالبان رجیم سے توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور خوارج کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دے۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے عوام کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے۔

بیان کے آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ہر سطح پر تعاقب اور خاتمے کا حق محفوظ رکھتا ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ 

:مزید خبریں پڑھیں

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.